ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اُڈپی میں بوٹ چٹان سے ٹکراگئی؛ کوسٹل گارڈس نے بچائی سات ماہی گیروں کی جان

اُڈپی میں بوٹ چٹان سے ٹکراگئی؛ کوسٹل گارڈس نے بچائی سات ماہی گیروں کی جان

Tue, 06 Sep 2016 12:11:51    S.O. News Service

اُڈپی 6؍ستمبر (ایس او نیوز) یہاں ملپے کے سینٹ میریس جزیرہ کے قریب ماہی گیروں پر مشتمل ایک بوٹ چٹان سے ٹکرانے کے بعد سات ماہی گیروں کو کوسٹل سیکوریٹی گارڈس بچانے میں کامیاب ہوگئے اور اُنہیں بحفاظت سمندر کنارے تک پہنچادیا، یہ واقعہ منگل علی الصباح پیش آیا۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ماہی گیری بوٹ گوپی ساگرآٹھ دنوں تک بیچ سمندر میں ماہی گیری کرنے کے بعد پیر کی شب کو واپس لوٹ رہی تھی کہ اچانک سمندر کے بیچوں بیچ واقع ایک چٹان سے  ٹکراگئی جس سے بوٹ پاش پاش ہوگئی۔ ماہی گیروں کو اپنی جان بچانے کے لئے سمندر میں کودنا پڑا، ساتوں ماہی گیر ہاتھ پیر مارتے ہوئے قریب میں واقع چٹٓان پر چڑھ کر بیٹھ گئے، جبکہ آج منگل صبح دوسری ماہی گیری کی بوٹ نے اُنہیں دیکھ لیا، مگر بتایا گیا ہے کہ اُن کی بوٹ کافی بڑی ہونے کی وجہ سے متعلقہ چٹٓان تک نہیں پہنچ سکتی تھی، لہٰذا انہوں نے کوسٹل سیکورٹی پولس کو واقعے کی خبر دی، جس پر فوری کاروائی کرتے ہوئے کوسٹل سیکورٹی گارڈس نے چھوٹی کشتیوں کی مدد سے اُن تک رسائی حاصل کرتے ہوئے اُنہیں بحفاظت کنارے تک پہنچادیا۔ سبھی ماہی گیروں کو سرکاری اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔

چٹان سے ٹکرانے کے نتیجے میں پوری بوٹ تباہ ہوگئی ہے جس سے نقصان کا تخمینہ 40 لاکھ روپیہ لگایا گیا ہے، اسی طرح بوٹ پر پکڑی گئی مچھلیوں کا بھی نقصان ہوا ہے جس کا تخمینہ سات لاکھ روپیہ لگایا گیا ہے۔

واقعے کی خبر ملتے ہی اُڈپی انچارج منسٹر پرمود مدھوراج سرکاری اسپتال پہنچے اور ماہی گیروں کی مزاج پرسی کی۔ ڈپٹی کمشنر، ڈسٹرکٹ ایس پی اور کوسٹل گارڈس کے ایس پی بھی اسپتال میں موجود تھے۔

 


Share: